• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّفہ: افشاں نوید

صفحات: 296، قیمت: 900 روپے

ناشر: مکتبہ خواتین میگزین، 51 کامران پارک، منصورہ، ملتان روڈ، لاہور۔

فون نمبر: 4708024 - 0321

افشاں نوید کُہنہ مشق مصنّفہ اور مدّرس ہیں۔ خواتین، بالخصوص طالبات کی علمی و فکری تربیت کے لیے مختلف فورمز پر لیکچرز دیتی ہیں، جب کہ سماجی رابطوں کی سائٹ، فیس بُک پر بھی اُن کی تحریروں سے ایک بڑا حلقہ استفادہ کرتا ہے۔ 

زیرِ نظر کتاب میں اُنھوں نے خانوادۂ نبوّتؐ کی18 عظیم و پاک باز خواتین، نبی کریم ﷺ کی ازواجِ مطہراتؓ، جنہیں قرآنِ کریم نے ’’مومنین کی مائیں‘‘ قرار دیا ہے، اور نبی کریمﷺ کی صاحب زادیوں کا ایمان افروز احوال قلم بند کیا ہے۔ اِس ضمن میں اُن کا کہنا ہے کہ’’ وہ روایات جو کتابوں میں درج ہیں، بلاشبہ اُن میں کوئی اضافہ نہیں کیا جاسکتا، مگر اُن روایتوں سے آج کی مسلمان عورت کو کیا اور کس طرح رہنمائی مل سکتی ہے، اِس کا چرچا بہت کم ہے۔

افسوس اِس بات کا ہے کہ ہم اپنے حقیقی ہیروز کو اِس طرح بیان ہی نہیں کرتے کہ ہماری نئی نسل اُنھیں رول ماڈل بنائے۔‘‘ اور اُنھوں نے یہ کتاب بنیادی طور پر اِسی مقصد کے لیے تحریر کی ہے تاکہ مسلمان خواتین اِن عظیم ہستیوں کی سیرت و کردار کی پیروی کرتے ہوئے دنیاوی و اخروی کام یابیاں سمیٹ سکیں۔ 

یہ مضامین ایک ماہنامے میں شایع ہوتے رہے ہیں، جنہیں قارئین کی دینی تعلیم و رہنمائی کے لیے کتابی صُورت دی گئی ہے۔ پروفیسر رفیع الدّین ہاشمی، حافظ محمّد ادریس، ڈاکٹرعالم خان(تُرکیہ) اور ڈاکٹر رخسانہ جبین نے افشاں نوید کے وسعتِ مطالعہ اور خوب صُورت تجزیاتی اسلوب کی تعریف کرتے ہوئے اِس پہلو کا خاص طور پر ذکر کیا ہے کہ اُنھوں نے مقدّس ہستیوں کے روایتی تذکرے کی بجائے اُنھیں مسلم خواتین کے آئیڈیل کے طور پر پیش کیا ہے۔