مؤلف: سیّد عطا حسین شاہ
صفحات: 270، قیمت: 600 روپے
ناشر: سیّد بُک ڈپو، کوٹلی بُھٹہ، ڈاک خانہ اُگوکی، تحصیل و ضلع سیال کوٹ۔
فون نمبر: 6569646 - 0346
جیسا کہ عنوان ہی سے واضح ہے کہ اِس کتاب کا موضوع ’’عورت‘‘ ہے اور یہ اسلامی نقطۂ نظر سے تحریر کردہ ایک اصلاحی نوعیت کی کاوش ہے۔ اِسے چار حصّوں میں منقسم کیا گیا ہے۔
پہلے حصّے میں زمانۂ قدیم سے دورِ حاضر تک کی مختلف تہذیبوں میں عورت کے مقام و مرتبے کا جائزہ لیا گیا ہے۔ دوسرے حصّے میں شادی بیاہ کے معاملات، میاں بیوی کے ایک دوسرے پر حقوق، طلاق، خلع، لِعان، زنا، اصلاحِ باطن، پردہ، ضبطِ تولید اور قانونِ وراثت وغیرہ کا بیان ہے۔
تیسرا حصّہ چند مشہور خواتین کے حالاتِ زندگی کے لیے مختص کیا گیا ہے، جب کہ چوتھے حصّے میں عورت سے متعلق قرآنی آیات اور احادیثِ مبارکہؐ کے ساتھ مشرقی و مغربی مشاہیر کے اقوال بھی جمع کیے گئے ہیں۔ گو کہ کتاب میں مؤلف سے متعلق کسی قسم کی کوئی معلومات درج نہیں، تاہم تحریر خاصی پختہ ہے، جیسے کوئی سکّہ بند لکھنے والا ہو۔