مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے حال ہی میں اپنی گرل فرینڈ گوری سپراٹ کو میڈیا سے متعارف کروا کر سب کو حیران کردیا تھا۔
گزشتہ ہفتے ممبئی کے ایک ہوٹل میں اپنی سالگرہ سے قبل منعقدہ صحافیوں سے ملاقات میں انہوں نے گوری کے ساتھ اپنی محبت کا باضابطہ اعلان کیا۔
اب سوشل میڈیا پر گوری کی ایک نئی تصویر سامنے آئی ہے جس میں وہ عامر خان کی پری برتھ ڈے تقریب میں انتہائی دلکش نظر آ رہی ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر گوری کی ایک نئی تصویر شیئر کی گئی، جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
تصویر میں گوری نے ہلکے جامنی رنگ کا خوبصورت کرتا پہنا ہوا ہے، جسے انہوں نے سیاہ لیگنگ کے ساتھ اسٹائل دیا۔ ان کی مسکراہٹ تصویر کو مزید خوبصورت بنارہی ہے اور وہ بےحد خوش نظر آرہی ہیں۔
عامر خان کے مداحوں نے تصویر پر بھرپور ردعمل دیا۔ ایک صارف نے لکھا، ’وہ بہت خوبصورت لگ رہی ہیں‘ جبکہ ایک اور نے تبصرہ کیا، ’اتنی سادگی میں بھی بہت پیاری لگ رہی ہیں، سمجھ میں آتا ہے کہ عامر کو ان سے محبت کیوں ہوئی!‘
گوری سپراٹ کا تعلق بینگلور سے ہے۔ ان کی والدہ ریتا سپراٹ بینگلور میں ایک سیلون کی مالک تھیں اور گوری نے زیادہ تر زندگی وہیں گزاری۔ گوری کے لِنکڈ اِن پروفائل کے مطابق وہ اس وقت ممبئی میں بھی ’بی بلنٹ‘ سیلون چلا رہی ہیں۔
گوری کی ایک 6 سالہ بیٹی بھی ہے جبکہ صحافیوں سے ملاقات کے دوران عامر خان نے اس بات کا انکشاف بھی کیا تھا کہ گوری اور وہ ایک دوسرے کو گزشتہ 25 سالوں سے جانتے ہیں۔