• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوہر سے پہلی ملاقات کب اور کیسے ہوئی؟ لائبہ خان نے بتا دیا

فوٹو کولاج — سوشل میڈیا
فوٹو کولاج — سوشل میڈیا

حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی اداکارہ لائبہ خان نے اپنی محبت اور شادی کی داستان سنا دی۔

لائبہ خان نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی کے بارے میں بات کی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے 2018ء میں اداکاری شروع کی تھی پھر آہستہ آہستہ کچھ ہی عرصے میں مجھے پہچان بھی ملنا شروع ہوگئی تھی مگر اس وقت میں نے انڈسٹری میں قدم رکھا تھا، اس لیے میں ہر میسج اور کال کا جواب دیتی تھی کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ کسی نے کام کے سلسلے میں رابطہ کیا ہوگا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ پھر 2019ء میں مجھے ایک میسج آیا جو جواد نے کیا تھا اور اس میں لکھا تھا کہ ’میں آپ کا مداح ہوں اور ابھی میں کراچی آ رہا ہوں تو سوچا آپ سے ملاقات کر لوں‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ مجھے تو یہ میسج پڑھ کر غصہ آگیا میں نے میسج کرنے والے کو جھاڑ دیا کیونکہ اس وقت میں چھوٹی تھی تو مجھے اتنا تجربہ نہیں تھا کہ اگر کوئی مداح اس طرح میسج کرے تو اس پر کیسا ردعمل دینا چاہیے۔

لائبہ خان نے بتایا کہ میں نے اپنی امی کو بھی اس بارے میں بتا دیا تو امی نے کہا کہ ایسے میسجز کو نظر انداز کر دینا چاہیے کیونکہ ہمیں نہیں معلوم کہ کون اچھا ہے اور کون برا ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ میں نے امی کی بات پر عمل کرتے ہوئے اس میسج کو نظر انداز کر دیا پھر اس نمبر سے ہر سال مجھے سالگرہ کی مبارکباد موصول ہوتی رہی لیکن میں نے میسجز پڑھے ہی نہیں۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ پھر میں 2022ء میں ایک ایونٹ پر گئی ہوئی تھی تو جواد بھی وہاں موجود تھے اور ان کو معلوم تھا کہ مجھے اس ایونٹ میں جانا ہے تو وہاں ہماری پہلی ملاقات ہوئی۔

اُنہوں نے بتایا کہ جواد نے ایونٹ میں ملاقات کے بعد مجھے پھر میسج کیا جس کے بعد مجھے احساس ہوا کہ میں نے ان سے پہلے بہت بدتمیزی سے بات کی تھی۔

لائبہ خان نے بتایا کہ پھر میں نے جواد سے میسج پر پوچھا کہ آپ کون ہیں اور مجھے کیسے جانتے ہیں؟ جس پر مجھے جواب ملا کہ اُنہوں نے میرا نمبر کسی دوست سے لیا تھا جو کہ انڈسٹری میں ڈائیریکٹر ہے۔

اُنہوں نے مزید بتایا کہ اس ملاقات کے بعد ہماری بات چیت شروع ہوئی لیکن ہماری بات چیت بس اتنی ہی تھی جتنی اچھے دوستوں میں ہوتی ہے اور پھر درمیان میں ہماری بات چیت بند بھی ہوگئی کیونکہ ہم دونوں ہی بہت مصروف رہتے تھے۔

 اداکارہ نے بتایا کہ پھر اچانک ایک دن جواد کا میسج آیا کہ مجھے آپ سے ملنا ہے تو ہماری ملاقات ہوئی، اس ملاقات میں اُنہوں نے مجھے صاف کہہ دیا کہ وہ مجھ سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور ہماری یہ ملاقات 2022ء میں ہوئی تھی۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے پرپوزل قبول کرلیا اور اپنی فیملی سے بات کرنے کا وقت مانگا پھر ہماری فیملیز کی ملاقات ہوئی اور میرے والدین بھی اس رشتے کے لیے مان گئے۔

لائبہ خان نے بتایا کہ ہمارا نکاح 2024ء میں ہوگیا تھا اور کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے کسی کو نکاح کے بارے میں بتایا بھی نہیں اور مدینہ میں نکاح کرنے کا فیصلہ بھی اچانک ہی کیا تھا۔

اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ میرے شوہر کا فارمیسی کا کاروبار ہے، اس سے پہلے اُنہوں نے امریکا میں مختلف قسم  کی نوکریاں بھی کی ہیں تو وہ بہت محنتی انسان ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید