• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ایک بار پھر ملک سے انسانی اسمگلنگ کے انسانیت سوز کاروبار کے مستقل بنیادوں پر خاتمے کے عزم کا بھرپور اظہار کیا ہے۔پاکستان میںانسانی اسمگلنگ میں ملوث سب سے اہم گروہ ججا گینگ کے سرغنہ اور اہم ارکان کی گرفتاری میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ایف آئی اے اور انٹلیجنس بیورو کے اہلکاروں سے ملاقات میں وزیر اعظم نے ان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو وزیر اعظم نے 10، 10 لاکھ روپے انعام اور شیلڈز بھی دیں۔غربت اور بے روزگاری کے مسائل سے دوچار گھرانوں کے نوجوانوں کو مالی کشادگی کے سبز باغ دکھا کر غیرقانونی طور پر ترقی یافتہ مغربی ملکوں کو اسمگل کرنے کا مکروہ بین الاقوامی کاروبار پچھلے کئی عشروں کے دوران بڑی تیزی سے بڑھا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے انسداد منشیات و جرائم کے مطابق یہ جرم دیگر منظم جرائم مثلاً بدعنوانی، منی لانڈرنگ اور اسلحے و منشیات کی اسمگلنگ سے بھی جڑا ہوا ہے۔ پاکستانی معیشت حالیہ برسوں میں جس بدترین زبوں حالی سے دوچار رہی اس کی بنا پر ملک کے مختلف حصے خصوصاً پنجاب کے بعض علاقے انسانی اسمگلروں کیلئے بہترین شکار گاہ بن گئے ہیں۔جون2023 میں تارکین وطن کی بحیرہ روم میں غرق ہونے والی کشتی کے سات سو مسافروں میں سے تین سو پاکستانیوں کی ہلاکت نے انسانی اسمگلنگ کے کاروبار کی سفاکی کا ملک بھر میں عوام اور حکمرانوں سب کو شدید احساس دلایا اور اس سنگ دلانہ کاروبار کے خاتمے کی کوششوں کو تیز کرنے کا احساس عام کیا۔ اس کاروبار کے مستقل سدباب کیلئے ضروری ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے علاوہ ان کا نشانہ بننے والے عوام کو اس کے سنگین نتائج سے آگہی کی بھرپور مہم چلائی جائے نیز ملک میں خود روزگاری کے ایسے منصوبے متعارف کرائے جائیں جو نوجوانوں کیلئے معقول روزگار کی ضمانت بن سکیں۔

تازہ ترین