مشہور اداکار اور پروڈیوسر نبیل ظفر نے جنگی جنون میں مبتلا بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے وطن کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل ظفر نے بھارتی جنگی جنونیوں اور انتہا پسندوں کو آئینہ دکھایا اور خطے میں امن کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ جب ہوتی ہے، انسانیت ہارتی ہے، سرحد کے دونوں جانب معصوم لوگ جان سے جائیں گے اگر یہ معاملہ بگڑ گیا۔
اداکار نے مزید کہا کہ یورپ نے سیکڑوں سال لڑنے کے بعد سمجھا کہ جنگ مسائل کا حل نہیں، بھارت کو بھی یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے، ہر بار جب الیکشن آتا ہے تو اپنے ہی عوام پر ایسے حملے کیوں ہوتے ہیں؟ بھارتی عوام کو سوچنا چاہیے۔
نبیل ظفر نے بھارت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ چھڑ گئی تو پاکستان کے 25 کروڑ عوام میں سے ہر شخص سپاہی ہوگا، ہم اپنے وطن کا دفاع کرنا خوب جانتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان نے پہلگام حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کی پیشکش کی، جو اس بات کا ثبوت تھا کہ ہم اس واقعے میں ملوث نہیں، بھارت کو تب ہی سمجھ جانا چاہیے تھا کہ ہم شفافیت چاہتے ہیں، مگر وہ سچ کو دیکھنے کے بجائے جنگی طبل بجا رہے ہیں۔