ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ نے بھارتی جنگی جنون پر دوٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ہم متحد اور مضبوط ہیں۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دو بڑے ستارے ہمایوں سعید اور فہد مصطفیٰ نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام میں جھوٹے فالس فلیگ آپریشن کے بعد پیدا ہونے والی جنگی صورتِ حال پر شدید ردعمل دیتے ہوئے دشمن کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
بھارت گزشتہ دو دنوں سے پاکستان پر حملے کر رہا ہے، جس کے بعد ملک بھر کی مشہور شخصیات وطن سے اظہارِ یکجہتی کر رہی ہیں۔
دونوں فنکار نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے بھارتی حکومت کے جنگی جنون، تشدد اور مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک عمل ہے، بھارت جان بوجھ کر سیاسی مقاصد کےلیے جنگ چھیڑتا ہے، ہمارے بےگناہ لوگ شہید ہوئے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں، میں اپنی فوج کو سلام پیش کرتا ہوں، جو ہماری حفاظت کر رہی ہے، میں شہادت کا درجہ پانے والوں کے ساتھ ہوں، اللّٰہ پاکستان کو سلامت رکھے، ہم ایک قوم کی طرح متحد ہیں، انشاءاللّٰہ اب ہم پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔
ہمایوں سعید نے بعدازاں انسٹاگرام پر بھی بھارت کے جنگی جنون اور خون ریزی پر تنقیدی پوسٹ شیئر کی۔
ادھر فہد مصطفیٰ کا کہنا ہے کہ ہم جذباتی ہیں اور اگر اب متحد نہ ہوئے تو کب ہوں گے؟ میں سوچ رہا تھا بھارت کے مسلمانوں کے دل پر کیا گزر رہی ہوگی، جب راتوں رات مساجد پر حملے کیے گئے؟ یہ بزدلانہ حرکت ہے، دونوں طرف کے عوام محبت کرنے والے ہیں، مگر بھارتی حکومت جنگی جنون میں مبتلا ہے، پہلگام واقعے پر ہم نے تحقیقات کی پیشکش کی، مگر انہوں نے جواب دینا بھی گوارا نہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے اداکار اور مشہور شخصیات پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں، مگر ہم نے کبھی ان کے خلاف ایسا رویہ نہیں اپنایا، میں سوچتا ہوں بھارت کے مسلمان آج ضرور پچھتا رہے ہوں گے کہ وہ وہاں کے شہری کیوں ہیں۔
دونوں فنکاروں کا کہنا کہ پاکستانی قوم ہر مشکل میں متحد ہو جاتی ہے اور یہی ہماری اصل طاقت ہے۔