• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد علی شاہ سندھ کے نئے وزیراعلیٰ نامزد، قائم علی شاہ مستعفی، بلاول کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سید مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیراعلیٰ نامزدکردیا ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں منگل کو رات گئے تک پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی سے مشاورت کی۔پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کے فیصلے کے مطابق سید قائم علی شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے سے استعفیٰ پیش کردیا، جسے پارٹی چیئرمین نے گورنر سندھ کو پیش کرنے کی ہدایت کی۔مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے تمام ارکان سندھ اسمبلی سے مشارت کے بعد سید مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے کا فیصلہ کوئی نیا نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے سید مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیاہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے منگل کی شب بلاول ہائوس میں اس حوالے سے سندھ کے ہرضلع کے ارکان سندھ اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور پارٹی کے فیصلے پر انکی رائے لی۔ قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمدنے بھی بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات کی اور سندھ میں ہونے والی تبدیلوں کے بارے میں اپنی رائے دی۔بلاول بھٹو زرداری منگل کو دبئی سے کراچی پہنچے تھے تاکہ دبئی میں ہونے والے فیصلوں کے بارے میں ار کا ن سندھ اسمبلی سے رائے لی جاسکے۔ ہر ضلع کے ارکان سندھ اسمبلی سے الگ الگ ملاقاتوں سے قبل سبکدوش ہونے والے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بلاول بھٹوزرداری سے ون ٹوون ملاقات کی، جس میں انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ سید قائم علی شاہ اس ملاقات کے بعد بلاول ہائوس سے چلے گئے۔ بعدازاں بلاول بھٹوزرداری نے ہر ضلع کے ارکان سندھ اسمبلی سے ملاقاتیں شروع کیں۔ انتہائی باخبرذرائع سے معلوم ہواہے کہ بلاول بھٹوزرداری نے ارکان سندھ اسمبلی کو بتایا کہ پارٹی قیادت نے سید مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیاہے آپ رائے دیں کہ وہ کیسے وزیراعلیٰ ثابت ہوں گے، انہیں کیا کرناچا ہیے۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹوزرداری نے اپنا فیصلہ سنایا اور اس فیصلے پر ارکان سندھ اسمبلی سے تائید حاصل کی۔انہوں نے یہ سوال نہیں کیاکہ سندھ کا نیا وزیراعلیٰ کون ہوناچاہیے یاسید مرادعلی شاہ کی نامزدگی پر انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے؟۔ ذرائع نے بتایا کہ زیادہ ترارکان سندھ اسمبلی نے نہ صرف اس فیصلے سے اختلاف نہیں کیابلکہ اس فیصلے کی تائیدکی کچھ ارکان اسمبلی نے اپنے تحفظات کا بھی اظہار کیالیکن انہوں نے پارٹی قیادت کے فیصلے کو تسلیم کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ سید مراد علی شاہ کو کیا کرناچاہیے بعض ارکان کو اس فیصلے پر اعترا ضا ت تھے لیکن انہوں نے اس کا اظہار نہیں کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سید خورشید احمد شاہ نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پارٹی کے فیصلے کے نتائج وعواقب پر کھل کربات کی لیکن انہوں نے بھی اس فیصلے پر مخالفت نہیں کی۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہواہے کہ مشاورتی اجلاس میں پیپلز پارٹی کے 91ارکان میں سے تقریباً70ارکان نے شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس کے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات مولابخش چانڈیو نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری نے تمام ارکان سندھ اسمبلی سے مشار ت کی اور سید مراد علی شاہ کو سندھ کا نیا وزیراعلیٰ نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سید قائم علی شاہ کو ہٹانے کا فیصلہ کوئی نیا نہیں ہے اور نہ ہی اس فیصلے سے ان کی کوئی توہین ہوئی ہے۔ پارٹی نے 11سال تک ان پرغیر متزلزل اعتماد کیا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی قیادت کے اس فیصلے پر پا ر ٹی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
تازہ ترین