اپوزيشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے کسی آپریشن کی اجازت نہیں دی ہے، نیشنل کمیٹی کا اجلاس غیر مؤثر ہوگیا، مسائل کا حل صرف مذاکرات ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عدالت کوئی خوشی سے نہیں آتا، انسداد دہشتگردی عدالت نے کل میری ضمانت منسوخ کی تھی۔ مجھ پر بسکٹ چوری کا الزام لگایا گیا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس غیر موثر ہوگیا ہے۔ علی امین نے بطور وزیراعلی صوبے اور پارٹی کا نقطہ نظرموثر انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں چینی کی قیمت دیکھ لیں، گزشتہ سال کہا گیا تھا کہ چینی زیادہ ہے، برآمد کرلو، اب رمضان میں چینی کی کمی ہوگئی ہے۔ یہ چینی اور خزانہ چور ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات ہیں۔ معیشت تباہ و برباد کر دی گئی ہے۔ پبلک اکاونٹس کمیٹی اجلاس میں بھی ان کی کرپشن کی داستانیں سامنے آتی ہیں۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے آل پارٹی کانفرنس کریں گے۔