دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بیٹی کی پیدائش کے اعلان کے ساتھ ہی اس کا خوبصورت نام بھی بتا دیا۔
شیخ حمدان بن محمد نے انسٹاگرام پر اپنی ننھی شہزادی کی آمد کی خوش خبری دعا کے ساتھ شیئر کی ہے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اے اللّٰہ! اسے اپنی محبت سے لبریز دل اور ایسی زبان عطاء فرمائیے جو آپ کا ذکر کرے، اسے اپنے نور اور رہنمائی سے فیضیاب کر دیجیے اور صحت و تندرستی عطا کیجیے۔
شیخ حمدان بن محمد نے بیٹی کی مناسبت سے ہلکے گلابی و سُنہری امتزاج کا کارڈ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام اپنی والدہ کے نام پر ’ہند‘ رکھا ہے۔
دبئی کے ولی عہد نے اپنی بیٹی کا نام ہند بنتِ حمدان بن محمد المکتوم رکھا ہے جو ان کی والدہ شیخہ ہند بنت مکتوم کے نام پر ہے۔
واضح رہے کہ شیخ حمدان نے 2019ء میں شیخہ بنتِ سعید بن ثانی المکتوم سے شادی کی تھی۔
اس سے قبل ان کے ہاں مئی 2021ء میں جڑواں بچوں راشد اور شیخہ کی پیدائش ہوئی تھی بعد ازاں انہوں نے 2023ء میں بیٹے محمد کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔