پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے صرف رابطے بحال ہوئے تھے مذاکرات نہیں ہوئے، 24 نومبر سے قبل صرف رابطے کی بحالی ہوئی تھی کوئی بات چیت نہیں ہوئی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک انصاف کے اسٹیبلشمنٹ سے حتمی مذاکرات شروع ہی نہیں ہوئے، ڈیل کے تاثر کی باتیں بے بنیاد ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ طلال چوہدری کا طالبان کی واپسی کا بیان حقائق کے برعکس ہے، پاکستان دہشتگردی کے نرغے میں ہے، یہ الزامات لگانے کا وقت نہیں، ایسے بیانات کے بجائے اپنی توجہ دہشتگردی روکنے پر مرکوز کریں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ریکارڈ کا حصہ ہے طالبان آباد کاری کے فیصلے جولائی 2022 کے بعد ہوئے تھے، طلال نے غیر ذمہ دارانہ بیان دیا کہ دہشتگردوں نے پی ٹی آئی کو نشانہ نہیں بنایا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم پاکستان میں دہشتگردی اور کسی بھی پاکستانی شہری کو نشانہ بنانے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔