• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پن بجلی کا منافع ادا کرو، علی امین نے شہباز شریف کو مراسلہ لکھ دیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم شہبازشریف کو مراسلہ لکھ دیا اور مطالبہ کیا کہ وفاق پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں خیبر پختونخوا کے بقایاجات ادا کرے۔

وزیراعظم کو ارسال کیے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے خیبرپختونخوا کی 75 ارب روپے کے واجبات جمع ہوگئے ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے مراسلے میں مزیدکہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو درپیش مالی بحران کے پیش نظر مسلئے کے فوری حل کی ضرورت ہے۔

مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ آئین کے مطابق پن بجلی کے خالص منافع کا معاملہ واضح کیا گیا ہے، آئین کے مطابق پن بجلی گھروں سے حاصل ہونے والی منافع کی رقم متعلقہ صوبوں کو ملنا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم سے کہا کہ آئین کے تقاضوں اور مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کے مطابق مسئلے کا منصفانہ حل نکالا جائے۔

انہوں نے مراسلے میں کہا کہ صوبوں کو ملنے والی اس رقم کی شرح کا تعین مشرکہ مفادات کونسل نے کرنا ہے، کونسل نے اس مقصد کے لئے قاضی کمیٹی میتھاڈالوجی کی منظوری دی تھی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مراسلے میں کہا کہ فارمولے کے تحت صوبے کو6 ارب روپے کی پہلی ادائیگی ہوئی تھی، پن بجلی کے خالص منافع کی شرح 1اعشاریہ10 روپے فی کلوواٹ آور مقرر کیا گیا ہے۔

اُن کا مراسلے میں کہنا تھا کہ عبوری طریقہ کار میں مذکورہ شرح پر سالانہ 5 فیصد اضافہ بھی مقرر کیا گیا ہے، اسی طریقہ کار کے تحت واپڈا نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو ادائیگیاں شروع کیں، خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی تجاویز پلاننگ کمیشن کو ارسال کردی ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا کہ مالی سال 17-2016 کے مطابق خیبرپختونخوا کے 128 ارب روپے بقایاجات کی تصدیق کی گئی ۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو درپیش مالی بحران کے پیش نظر مسلئے کے فوری حل کی ضرورت ہے،خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے آئینی اور قانونی حقوق دلانے میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید