• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب میں گداگری پر ڈی پورٹ خاتون دوبارہ جاتے ہوئے آف لوڈ، 2 مسافر گرفتار

دھوکہ دہی اور جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے 2 مسافروں کو کراچی امیگریشن نے گرفتار کرلیا جبکہ سعودی عرب میں بھیک مانگنے میں ملوث خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا۔ 

خاتون وزٹ ویزہ پر یو اے ای جا رہی تھی کہ خاتون کا نام آئی بی ایم ایس سسٹم میں ہٹ ہوا۔ ریکارڈ کے مطابق مذکورہ خاتون سعودی عرب میں بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ ہو چکی تھی۔ 

دوسری کارروائی میں جعلی شناخت پر غیر قانونی شہریت حاصل کرنے والے مسافر کو گرفتار کیا گیا جو ایتھوپین ایئرلائن سے ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان پہنچا جس پر "ڈی پورٹیشن" کی مہر ثبت تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے جنوبی افریقہ کی شہریت غیر قانونی طریقے سے حاصل کی تھی۔

مزید براں مسافر غیر قانونی طریقے سے جنوبی افریقہ سے زمبابوے داخل ہوا، جہاں اسے گرفتار کر کے 2 ماہ کےلیے جیل بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں پاکستانی سفارت خانے نے اس کی پاکستانی شناخت کی تصدیق کرکے ایمرجنسی پاسپورٹ جاری کیا اور اسے پاکستان واپس بھیج دیا گیا۔

ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن نے سعودی عرب جانے والے مسافر کو آف لوڈ کردیا۔ مسافر کے پاسپورٹ پر مبینہ طور پر ٹیمپرنگ پائی گئی۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر کے پاس جعلی کینیڈین ویزہ تھا جو ایک ایجنٹ نے فراہم کیا تھا۔

مسافر کے مطابق اس نے سوشل میڈیا پر ایجنٹ سے رابطہ کیا تھا۔ ایجنٹ نے اسے کینیڈا میں ملازمت کا جھانسہ دیا۔ ایجنٹ نے 5 لاکھ روپے میں جعلی ویزہ فراہم کرنے کے معاملات طے کیے، جس کے لیے مختلف ایزی پیسہ اور جاز کیش کے ذریعے ادائیگیاں کی گئیں۔

مسافر سے جعلی ویزے اور جعلی کینیڈین اسٹیمپ کی تصاویر بھی برآمد ہوئیں۔

مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید