فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے امریکی ریاسٹ ہیوسٹن میں جوئے کے غیر قانونی اڈے چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پاکستانی نژاد کاروباری افراد، عملے اور 2 پولیس افسران سمیت 45 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف بی آئی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہیوسٹن اور ہیریس کاؤنٹی میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 30 غیر قانونی گیم رومز پر چھاپے مارے اور غیر قانونی جوئے کے اڈوں کو تحفظ فراہم کرنے کے الزامات میں 45 افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف بی آئی نے اس کارروائی کے دوران پاکستانی نژاد مبینہ جوئے کے اڈے کے مالک کے گھر پر بھی چھاپہ مارا، جس کی ویڈیوز قریبی رہائشیوں نے ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیں تھی۔
اس آپریشن کے دوران ایک وسیع کرپشن نیٹ ورک بے نقاب ہوا، جس میں غیر قانونی جوئے کے اڈوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بعض کرپٹ اہلکاروں کے درمیان رشوت اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ہیوسٹن اور ہیریس کاؤنٹی میں 20 سے زائد غیر قانونی گیم رومز چلائے جا رہے تھے، جہاں لاکھوں ڈالر کی غیر قانونی آمدنی ہو رہی تھی۔
ان اڈوں کو بھاری رشوت کے عوض بعض بااثر سرکاری اہلکاروں کی پشت پناہی حاصل تھی، جس کی وجہ سے یہ غیر قانونی کاروبار کئی سال سے بلا خوف و خطر جاری تھا۔
اس کے علاوہ کرپٹ پولیس افسران کے ذریعے حریف کاروباری افراد پر دباؤ ڈال کر ان کے گیم رومز بند کروا دیے جاتے تھے، یہی وجہ ہے کہ یہ معاملہ ایف بی آئی کے پاس آیا اور طویل تحقیقات کے بعد آج یہ بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔