• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا: پاکستانی ڈاکٹروں کی تنظیم ‘اپنا’ کا 3 روزہ اسپرنگ کنونشن شروع

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

امریکی ریاست اوکلاہاما میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹروں کی تنظیم ’اپنا‘ کے 3 روزہ اسپرنگ کنونشن کا آغاز آج سے ہوا ہے۔

کنونشن کے پہلے دن ’اپنا‘ کے عہدیداروں کو ریاستی اسمبلی اور سینیٹ کے مشترکہ اجلاس میں مدعو کیا گیا، جہاں ان کی زبردست پزیرائی کی گئی اور انہیں پاکستانی ڈاکٹروں کی خدمات کے اعتراف میں اسناد اور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اپنا 2025ء کی صدر ڈاکٹر حمیرا قمر کی قیادت میں وفد نے ریاستی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی، جس میں ڈاکٹر حسن کریم، ڈاکٹر ثناء اللّٰہ، ڈاکٹر کلیم، ڈاکٹر افضل، اکبر کرسی، ڈاکٹر ہارون درانی (سابق صدر)، ڈاکٹر فضل علی، ڈاکٹر محمد ثناء اللّٰہ (چیئرمین ہوسٹ کمیٹی) اور ڈاکٹر حسان شامل تھے۔

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

ریاستی اسمبلی کے اراکین برائن ہل اور نیل ہیز نے امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور پیشہ ورانہ مہارت امریکی معاشرے کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔

انہوں نے اپنا کے کنونشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستانی ڈاکٹروں کے کردار کو قابلِ ستائش قرار دیا۔

اپنا کی صدر ڈاکٹر حمیرا قمر نے اس موقع پر ریاستی اسمبلی میں بتایا کہ پاکستانی نژاد ڈاکٹرز امریکی عوام کو معیاری علاج معالجہ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، امریکا بھر میں اپنا 54 چیپٹرز کے ذریعے صحتِ عامہ کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے، جبکہ 4 چیپٹرز کینیڈا میں سرگرم ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ رواں سال امریکا بھر میں 1 ہزار سے زائد پاکستانی ڈاکٹرز مختلف اسپتالوں میں ریزیڈینسی پروگرام (میچ) کے لیے منتخب ہوئے ہیں، جو پاکستان کے طبی تعلیمی اداروں کی اعلیٰ معیار کی تربیت کا ثبوت ہے۔

اس موقع پر اپنا کے ڈاکٹر کلیم نے بتایا کہ اوکلاہاما میں 200 سے زائد پاکستانی ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں، 3 روزہ کنونشن میں تقریباً 1000 ڈاکٹرز کی شرکت متوقع ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید