• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معدنی وسائل کی تلاش کیلئے پاکستان کا بین الاقوامی کمپنیوں سے ایم او یو کا تبادلہ

’جیو نیوز‘ گریب
’جیو نیوز‘ گریب

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025ء منعقد کیا گیا۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کی تقریب کے دوران معدنی وسائل کی تلاش اور جیو سائنٹفک ریسرچ کے لیے پاکستان اور چائنہ جیولوجیکل سروے کے درمیان، پاکستان اور روسی کمپنی، ڈجیٹلائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے لیے پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان، پاکستان کے مختلف اداروں اور غیر ملکی کمپنیوں کے درمیان ایم او یوز کا تبادلہ ہوا۔

فورم میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزراء اور وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔

پاکستان معدنی ذخائر کے باعث قرضوں سے نجات پا سکتا ہے: وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے کانفرس میں شرکت پر تمام مندوبین کا خیر مقدم کیا اور وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز اور ان کی ٹیم کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔

انہوں نے فورم سے خطاب کے دوران کہا کہ بلوچستان کے پہاڑوں میں معدنیات کے ذخائر ہیں، کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی معدنیات کے ذخائر ہیں، یہ معدنی ذخائر کھربوں ڈالرز کے ہیں، ان ذخائر کو نکالنے سے پاکستان اپنے قرضوں کے پہاڑ سے نجات حاصل کر سکتا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بالخصوص پنجاب اور سندھ میں زرخیز زمین ہے۔

انہوں کہا کہ فورم سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، ریکوڈک منصوبے پر پیشرفت ہوئی ہے، یہ منصوبہ کافی عرصہ التواء کا شکار رہا، ریکوڈک منصوبے پر پیشرفت حوصلہ افزا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں تمام اہم سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے دعوت دیتا ہوں، امریکا، چین، یورپ سمیت تمام ممالک کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے سود مند ہوگا کہ وہ یہاں سے خام مال باہر لے جائیں، پاکستان بھر میں ان کانوں پر سرمایہ کاری کے لیے آپ کو خوش آمدید کہا جائے گا، تمام سرمایہ کاروں کو مشترکا منصوبوں میں بھی خوش آمدید کہا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کوئلے کے ذخائر کو توانائی پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا۔

حکومتی کوششوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا: علی پرویز ملک

علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومتی کوششوں سے معاشی استحکام ممکن ہوا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے قوانین کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ مائننگ صوبائی شعبہ ہے، جس کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل مشاورت کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس آئی ایف سی، پیٹرولیم ڈویژن اور متعلقہ ادارے منرل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لیے بھر پور کوشش کر رہے ہیں، فورم کا مقصد پاکستان کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری بڑھانا ہے۔

علی پرویز ملک نے یہ بھی کہا کہ معدنی وسائل کے حوالے سے صوبہ بلوچستان کو اہمیت حاصل ہے، حکومت پاکستانی معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے پر عزم ہے ، غیر ملکی شخصیات کی فورم میں شرکت پاکستان کے معدنی شعبے میں اعتماد کا مظہر ہے۔

معدنیات میں سرمایہ کاری طویل مدت کیلئے ہوتی ہے: جام کمال

وزیرِ تجارت جام کمال نے فورم سے خطاب کے دوران کہا کہ بلوچستان میں معدنیات کا بہت زیادہ پوٹینشل ہے، سیکیورٹی کےحوالے سے بھی سرمایہ کاروں کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیرِ تجارت جام کمال نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا جا رہا ہے، معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری چند سال نہیں بلکہ طویل مدت کے لیے ہوتی ہے۔

سعودی نائب وزیر معدنیات نے کیا کہا؟

دوسری جانب سعودی نائب وزیرِ معدنیات نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ معدنیات کی ترقی کے لیے شراکت داری کا جائزہ لیں گے، پاکستان میں معدنیات میں پوٹیشنل ہے۔

پاکستان معدنی وسائل کے باعث منفرد حیثیت رکھتا ہے: CEO بیرک گولڈ

فورم سے صدر اور سی ای او بیرک گولڈ مارک بریسٹو نے بھی خطاب کیا۔

سی ای او بیرک گولڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل کے باعث منفرد حیثیت رکھتا ہے۔

بیرک گولڈ مارک برسٹو نے کہا کہ معدنیات کا حصول صنعت کے لیے بہت ضروری ہے، مستقبل میں معدنی وسائل ہی ترقی کا ذریعہ ہیں، معدنی وسائل کے ذخائر کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی کے لیے اہم کرادار ادا کرتے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید