پاکسان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کے بیان پر میں کوئی ردِ عمل نہیں دے سکتا۔
جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا ہے کہ اعظم سواتی کے بیان کا جواب دینے کے لیے پارٹی کا پلیٹ فارم موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب سب کا محور ایک بانیٔ پی ٹی آئی ہو تو پارٹی تتر بتر نہیں ہو سکتی، پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے جس کے اندر اختلافِ رائے پایا جانا کوئی نئی بات نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارٹی اختلافات کے حوالے سے باتیں صرف میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کی جا رہی ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی نے اگر کوئی ڈیل کرنی ہوتی تو وہ پہلے کر لیتے۔
شبلی فراز نے کہا کہ اتنے بڑے چیلنجز ہوں تو عوام کی سپورٹ کے بغیر حالات بہتر نہیں کیے جا سکتے، بدقسمتی سے پاکستان میں ملک کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کے لیے فیصلے کیے جاتے ہیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ قرض دار ملک کیسے اپنی خارجہ پالیسی بنا سکتا ہے؟ کیونکہ اس کے پاس کوئی آپشنز ہی موجود نہیں ہوتے۔