• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہد خاقان نے ملک میں انتشار کی بڑی وجہ بتادی

سابق وزیراعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے ملک میں انتشار کی بڑی وجہ بتادی۔

راولپنڈی میں پارٹی کے ویمن کنونشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہم نےاختلاف رائےکو دشمنی بنالیا، اسی وجہ سے ملک میں انتشار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھی آپس میں اتفاق نہیں پیدا کرسکی، جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے اختلاف دور کرنے کی ضرورت ہے۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپوزیشن الائنس کےلیے تحفظات کو دور کرنے کی ضرورت ہے، ملک میں جمہوریت کی بنیاد قانونی کی حکمرانی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اپوزیشن جماعت جے یو آئی کے خلاف بات کردیتے ہیں، جس کی بالکل بھی ضرورت نہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ تیل کی قیمت اس لیے کم نہیں کر رہے بجلی سستی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب وزیراعظم نے کہا ہے کہ تیل کی قیمت کم نہ کرکے بلوچستان میں سڑکیں بنائیں گے، پوچھتا ہوں یہ کونسی پلاننگ ہے؟ اگر کل پیٹرول کی قیمت بڑھ گئی تو سڑکیں کیسے بنیں گی؟

سابق وزیراعظم نے کہا کہ لیوی ایک حد تک بڑھا سکتےہیں اس کےلیےاسمبلی سے اجازت لینا پڑے گی، خام خیالی سے ملک نہیں چلا کرتے، مستقل پالیسی سے چلا کرتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ کینالز بننےچاہئیں اچھی بات ہے لیکن پانی کہاں سے آئے گا، اس سال گندم کسان سے خریدنا بند کردی گئی ہے، کسان رل گیا ہے، دسمبر میں گندم امپورٹ کرنا پڑے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کی بات نہیں سنیں گے تو حالات نہیں بدلیں گے، احساس محرومی کو ختم کرنا ہوگا، آرمی آپریشن آخری طریقہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام مسنگ پرسنز معاملے کو ختم کرنا چاہتے ہیں، آئین کہتا ہے منرلز صوبوں کے اختیار میں ہیں، وفاق ان پر قبضہ نہیں کرسکتا، ممکن نہیں وفاق اپنی پالیسی بناکر معدنیات کو نکالنے کی کوشش کرے۔

قومی خبریں سے مزید