وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ میرے نزدیک بانی پی ٹی آئی جیل میں چھٹیاں منارہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ حکومت کے پاس اتنا وقت نہیں کہ سوچے پی ٹی آئی کو کیسے ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک بانی پی ٹی آئی جیل میں نہیں، چھٹیاں منارہے ہیں، اُن کی ہفتے میں 4،4 ملاقاتیں ہورہی ہیں، اتنی ملاقاتیں تو کسی بھی رہنما کی نہیں ہوئیں۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کسی بھی حق سے محروم نہیں کیا گیا، سمجھنا ہوگا کہ بانی پی ٹی آئی کرپشن کیس میں اندر ہیں، چھٹیوں پر نہیں ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آتا پی ٹی آئی کا کونسا گروپ کس کی ملاقاتیں روک رہا ہے، پی ٹی آئی کے متعدد گروپس خود آپس میں لڑ رہے ہیں، پارٹی میں علیمہ خان اور دوسرا بشریٰ بی بی گروپ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ مجھے نہیں لگتا پی ٹی آئی کی کوئی بھی پالیسی ٹھیک تھی، پی ٹی آئی والے خود کلیئر نہیں کون سے ایشو پر بات کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، بلاول بھٹو اور صدر مملکت کا احترام کرتے ہیں، پی پی پی کے تحفظات دور کرنے کےلیے ہم سنجیدہ ہیں، ان کے معاملات کےلیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی کام رہی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ عوام پر اضافی بوجھ ڈالے بغیر بلوچستان کا فائدہ پورے پاکستان کا فائدہ ہوگا، بلوچستان کی ترقی سے پاکستان کی ترقی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول لیوی بڑھانے سے کسی پاکستانی پر اضافی بوجھ نہیں بڑھے گا، آنے والے ہفتوں میں سکھر موٹروے سے متعلق خوشخبری کا امکان ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پورے ملک میں موٹروے کا جال موجود ہے، بہاولنگر موٹروے کےلیے ابھی فنڈز نہیں دیے گئے۔