• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹریوس ہیڈ بھارتی مداحوں سے پریشان، ویڈیو وائرل


معروف آسٹریلوی بیٹسمین ٹریوس ہیڈ بھارتی مداحوں سے پریشان ہو گئے۔

بھارت کے شہر حیدر آباد دکن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر وائرل ہو رہی ہے۔

اس وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ  سُپر اسٹور میں شاپنگ کے دوران ٹریوس ہیڈ سے ان کے آس پاس موجود بھارتی مداحوں نے ان کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے اصرار کیا تو اُنہوں نے منع کر دیا۔

آسٹریلوی کرکٹر کے منع کرنے کے باوجود بھی ویڈیو ریکارڈ کرنے والا شخص اور کچھ اور دیگر مداح اسٹور میں ان کا پیچھا کرتے اور مسلسل ان کے ساتھ تصاویر بنانے کے لیے اصرار کرتے نظر آئے۔

ٹریوس ہیڈ کے مداحوں کے ساتھ تصاویر بنوانے سے انکار کرنے پر ویڈیو ریکارڈ کرنے والے شخص کو اُنہیں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ حیدرآباد کے لوگ آپ سے محبت کرتے ہیں تو کم از کم آپ کو ان کی محبت کا جواب دینا چاہیے۔

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹر جو مسلسل بھارتی مداحوں کی جانب سے تصاویر لینے کے اصرار پر اکتائے ہوئے نظر آ رہے تھے ویڈیو ریکارڈ کرنے والے شخص کی بات سن کر اس کی طرف دیکھ کر ہلکا سا مسکرائے اور پھر بغیر کچھ کہے وہاں سے چلے گئے۔