بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کرینہ کپور نے دلچسپ اور مزاحیہ انداز میں انکشاف کرتے ہوئے سیف علی خان کو ان کی خوبصورتی کے لیے قصور وار ٹھہرا دیا۔
کرینہ نے انسٹاگرام پر چند تصاویر شیئر کیں جس میں وہ پولیس افسر کے روپ میں مہرون شرٹ، بلیک پینٹ اور سیاہ جوتے پہنے صوفے پر پوز دیتی دکھائی دے رہی ہیں، ان کے ساتھ ساتھ تصاویر میں سیف علی خان کو گھڑ سواری کرتے اور ایک کلوز اپ شاٹ میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
کرینہ نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ایک پولیس آفیسر کا کردار ادا کرتے ہوئے میں نے اپنے شوہر کو ان کی بے حد خوبصورتی کے لیے ذمہ دار پایا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ہم دونوں نے ایک ہی دن میں الگ الگ شہروں اور سیٹس پر دل لگا کر کام کیا، جیسا کہ ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے۔
کرینہ کی اس مزاحیہ پوسٹ نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا۔
واضح رہے کہ رواں سال 16 جنوری کی شب تقریباً 3 بجے سیف علی خان کے ممبئی کے باندرا والے گھر میں چوری کی کوشش کی گئی تھی، جسے انہوں نے خود مزاحمت کرتے ہوئے ناکام بنایا تھا۔
دورانِ مزاحمت حملہ آور نے سیف پر چاقو سے حملہ کیا تھا، جس سے اداکار کو 6 زخم آئے، جس میں سے 2 نہایت گہرے تھے، سیف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ کئی دن تک زیر علاج رہنے کے بعد صحتیاب ہو کر ڈسچارج ہوئے تھے۔