مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ وفاق نے وزیرِ اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کے خط پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی کے خط کا وفاق نے تاحال کوئی جواب نہیں آیا، خط میں ضم اضلاع کے فنڈز کے پی منتقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع خیبر پختون خوا کا حصہ بن چکے ہیں، ضم اضلاع کے فنڈز صوبے کو منتقل نہ کرنا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے۔
مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضم اضلاع کے فنڈز خیبر پختون خوا کو منتقل کیے جائیں، دہشت گردی کی روک تھام کے لیے ضم اضلاع کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ناگزیر ہے۔
بیرسٹر سیف نے یہ بھی کہا ہ کہ وفاق نے ضم اضلاع کی ترقی میں کے پی کا ساتھ دینے کے بجائے فنڈز روک دیے ہیں۔