کراچی ( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر ) 35ویں قومی گیمز کی میزبانی کراچی ہی کرےگا فیصلہ پیر کو ہوگا۔اس سال نومبر کے آخری یادسمبر کے پہلے ہفتے میں ہوں گے، ہفتے کو لاہور میں پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے اسپورٹس کمیشن کے اجلاس میں مئی میں ہونے والے گیمز کے ملتوی ہونے کے امور پر غور کیا گیا، کمیشن کے شرکاء نےاس بات پر زور دیا کہ قومی گیمز کو طویل عرصے کے لئے ملتوی نہیں کیا جاسکتا۔سندھ اولمپکس کے نمائندوں نے موقف اختیار کیا کہ سندھ گیمز کا میزبان ہے اور وہ اس کی میزبانی کسی اور کو ہر گز نہیں دے سکتا، دسمبر تک ہم اسے کرانے کی پوزیشن میں ہیں، اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی میزبانی پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں دی جائے گی جو پیر کو طلب کیا گیا،کمیٹی کے اجلاس میں قومی گیمز اور سائوتھ ایشین کے انعقاد کے بارے میں فیصلے کئے جائیں گے، سائوتھ ایشین گیمز اگلے سال کے آغاز میں پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔