• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسٹر پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف مسیحی ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین نے ایسٹر کے موقع پر حکومت کے اعلان کے باوجود تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ہفتہ کو عدنان عارف جہانگیر کی قیادت میں کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مظاہرین سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ایسٹر کے موقع پر 14 اپریل کو مسیحی ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن افسوس کہ اس پر عملدرآمد نہیں ہوا جس سے بلوچستان میں بسنے والی مسیحی کمیونٹی کو ذہنی اذیت سے دوچارہونا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے اڑھائی ہزار ملازمین میں سے اکثریت کا تعلق اقلیتی برادری سے ہے لیکن یہ ملازمین بھی تنخواہوں سے محروم اور مسیحی برادری کے خاندان عید کی خوشیاں منانے سے محروم ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی نمائندوں کو اقلیتوں کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی نمائندوں کو اربوں روپے کے فنڈز ملتے ہیں لیکن وہ خوردبرد ہوجاتے ہیں اس سلسلے میں جلد کورٹ سے رجوع کریں گے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ حکومتی اعلان کے باوجود ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا نوٹس لیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں۔