• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل کے حل کیلئے جرات مندانہ بیانیہ تشکیل دینے کی ضرورت ہے، متین اخوندزادہ

کوئٹہ ( پ ر) جماعت اسلامی کے سابق صوبائی امیر و سنئیر سیاسی رہنما عبدالمتین اخونزادہ نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کا ضیاع روکنا اور انسانی زندگیوں کی حفاظت و پاسبانی سب سے اہم ترجیح ہے۔ بدامنی وانتشار اور انسانی زندگیوں کی تذلیل نے معاشرتی و سماجی بربادی کا راستہ ہموار کیا۔ جماعت اسلامی واضح بیانیہ اور موقف اختیار کرتے ہوئے عام آدمی کے مفادات و حقوق کے تحفظ کے لئے فیصلہ کن کردار ادا کریگی۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام مسئلہ بلوچستان نئے زاوئیے و توانا بیانیہ کی تشکیل کے موضوع پر مذاکرہ و شب تربیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ عبدالنعیم رند نے کی جبکہ جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولوی عبد الکبیر شاکر نے رحمان کے بندوں کے موضوع پر درس قرآن دیا ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کوئٹہ کے ضلعی نائب امراء ملک عبد الرحیم ناصر و مولانا عبد الحمید خان منصوری،ضلعی سیکرٹری جنرل اعجاز محبوب، مولانا عبداللہ ہاشمی، صوبائی سیکرٹری اطلاعات ولی خان شاکر و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ نواں کلی و مضافات کے سنگین مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات درکار ہیں ورنہ ٹوٹی پھوٹی سڑکیں اور گند سے اٹی گلیاں ناقابل برداشت ہوچکے ہیں۔ وسائل کی تقسیم میں انصاف کیا جائے اور بیوروکریسی و آلہ کاروں کی لوٹ کھسوٹ سے عوام الناس کو نجات دلائی جائے ۔
کوئٹہ سے مزید