عالمی شہرت یافتہ موسیقار اے آر رحمٰن نے حال ہی میں اپنی زندگی اور کام کے بارے میں ایک دل چسپ انکشاف کیا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ دوست بنانے یا دوستیوں کو برقرار رکھنے کے بجائے اپنے موسیقی کے کام میں زیادہ وقت صرف کرتا ہوں۔
اے آر رحمٰن نے کہا کہ میرے دوست تو ہیں، لیکن میں ہمیشہ اپنے کام میں مصروف رہتا ہوں، اگر مجھے معلوم ہو کہ ایک گانا بنانے میں 8 گھنٹے لگیں گے، تو میں صرف 8 گھنٹوں پر اکتفا نہیں کرتا میں خود کو مزید آگے بڑھانے کی کوشش کرتا ہوں، میرا اصول یہ ہے کہ جتنا زیادہ وقت، اتنا بہتر کام اور زیادہ تسلی، میں یہ نہیں چاہتا کہ میں کم کام کروں تاکہ زیادہ دوست بنا سکوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ کام میں ڈوب جانا کسی نشے کی طرح ہے، میں خود کو مسلسل کہتا ہوں کہ میں اس سے بھی بہتر کر سکتا ہوں اور یہ جاننے کی کوشش کرتا ہوں کہ میں مزید کیا نیا کر سکتا ہوں، کسی نئے میوزیکل زون میں داخل ہونے کے لیے میں ہر پہلو پر نشان لگانا چاہتا ہوں، اسی مشغولیت میں 30 سال گزر گئے۔
پیشہ ورانہ محاذ پر اے آر رحمٰن ان دنوں مانی رتنم کی فلم ٹھگ لائف کے لیے موسیقی ترتیب دے رہے ہیں، جس میں کمل ہاسن مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوں گے، فلم 5 جون 2025ء کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔