فلمی دنیا کے سب سے بڑے اور معتبر ایوارڈز آسکر کی 98 ویں تقریب کی تاریخ کا اعلان نئے قوائد و ضوابط کے ساتھ کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسکرز 2026ء کی رنگا رنگ تقریب شائقین 15 مارچ 2026ء بروز اتوار دیکھ سکیں گے۔
اس حوالے سے دی اکیڈمی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نامزدگیاں 22 جنوری 2026 کو سامنے آئیں گی۔
دی اکیڈمی نے 98 ویں آسکرز کے لیے قواد و ضوابط میں اہم تبدیلیاں کی ہیں، جن کے مطابق اب ووٹرز کو اپنی پسندیدہ فلم کے لیے ووٹ کرنے سے قبل متعلقہ کیٹیگری کی دیگر تمام نامزد فلمیں دیکھنا بھی لازمی ہو گا تاکہ ووٹر مکمل آگاہی اور دیانتداری کے ساتھ اپنا ووٹ دے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلمی حلقوں کی جانب سے دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے آسکرز 2026ء کے لیے ایک نئی کیٹیگری ’اچیومنٹ ان کاسٹنگ‘ بھی متعارف کروائی گئی ہے۔
فلموں میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیشِ نظر دی اکیڈمی نے اعلان کیا ہے کہ فلم میں مصنوعی ذہانت کا بے شک استعمال کیا جائے لیکن اس سے نامزدگی کے امکانات میں کوئی فرق نہیں آئے گا البتہ ہر کیٹیگری کی فلموں میں اس بات کا لازمی تجزیہ کیا جائے گا کہ فلم میں انسانی تخلیق کا کتنا عمل دخل ہے۔