کریتی سینن کا مہنگا ماسک سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کریتی سینن حال ہی میں ممبئی ایئر پورٹ پر دیکھی گئیں، جہاں ان کا آرام دہ اور سادہ انداز توجہ کا مرکز بنا، مگر اس بار ان کی شخصیت سے زیادہ ان کے ساتھ موجود ایک خاص چیز نے مداحوں کی نظریں اپنی جانب کھینچ لیں۔
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کریتی سینن کو آف وائٹ وی نیک شرٹ، میچنگ جینز، سفید جوتوں اور چشمے میں خوش گوار موڈ میں دیکھا گیا، لیکن سب سے زیادہ توجہ ان کے ہاتھ میں تھامے لگژری فیس ماسک نے حاصل کی، جس کی قیمت تقریباً 10,000 بھارتی روپے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔
یہ ماسک معروف برانڈ بربری کے مشہور ونٹیج چیک کاٹن فیبرک سے تیار کردہ تھا، دلچسپ پہلو یہ رہا کہ کریتی نے ماسک پہنا نہیں تھا، بلکہ اسے محض ہاتھ میں اٹھا رکھا تھا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے طرح طرح کے تبصرے کیے ہیں۔
کئی صارفین نے اسے فضول خرچی قرار دیا ہے، جبکہ کچھ مداحوں نے اسے اداکارہ کی ذاتی پسند اور اسٹائل قرار دیتے ہوئے ان کا دفاع کیا ہے۔
واضح رہے کہ کریتی سینن حالیہ دنوں برطانیہ میں چھٹیاں گزار کر وطن واپس لوٹی ہیں اور جلد ہی اپنی نئی فلموں تیرے عشق میں اور کاک ٹیل 2 میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔