• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار عمران خان سے طلاق پر سابقہ اہلیہ کی لب کشائی

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز 

بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھتیجے عمران خان کی سابقہ اہلیہ اونتیکا ملک نے حال ہی میں اداکار سے اپنی طلاق سے متعلق پہلی بار کھل کر بات کی ہے۔

اونتیکا ملک کا یہ حالیہ انٹرویو اس موقع پر منظرِ عام پر آیا ہے کہ جب اداکار عمران خان اپنی طلاق پر متعدد بار گفتگو کر کے آگے بڑھ چکے ہیں اور اپنی گرل فرینڈ لیکھا واشنگٹن کے ساتھ رہ رہے ہیں۔

اداکار عمران خان کی سابق اہلیہ اونتیکا ملک نے بتایا ہے کہ میں بھی ایک عام انسان کی طرح طلاق کو تباہی تصور کرتی تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ میری سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شادی کا ختم ہو جانا کوئی قیامت نہیں ہے مگر اس وقت مجھے لگتا تھا کہ اگر میری شادی ٹوٹ گئی تو میں زندہ نہیں رہ سکوں گی، مجھے یقین تھا کہ میں ایک دن بھی اُن کے (عمران خان) بغیر نہیں گزار سکوں گی۔

اونتیکا ملک کا کہنا ہے کہ جب ہم  دونوں نے طلاق کا فیصلہ کیا تو میں ایسے روئی تھی جیسے کوئی قریبی عزیز یا رشتے دار فوت ہو گیا ہو، مجھے طلاق ہو جانے کا عجیب خوف سا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ شاید میں اس لیے بھی خوف زدہ تھی کیوں کہ اس وقت میں خود کفیل نہیں تھی، مگر مجھے یہ بھی معلوم تھا کہ میں ایک مراعات یافتہ خاندان سے ہوں اس لیے سڑک پر نہیں آؤں گی۔ 

طلاق کے مراحل پر بات کرتے ہوئے اونتیکا ملک نے کہا کہ ہماری طلاق راتوں رات نہیں ہوئی تھی، ہم نے پہلے کچھ وقت کے لیے الگ رہنے کا فیصلہ کیا اور پھر آخر کار طلاق کا فیصلہ کیا، یہ سب کچھ کورونا کی وباء کے دوران ہوا تھا۔

انٹرویو کے دوران اونتیکا ملک نے انکشاف کیا کہ میرے والدین بھی میرے بچپن میں علیحدہ ہو گئے تھے، اس لیے طلاق کا تصور میرے لیے اجنبی یا شرمندگی کا باعث نہیں تھا، میں نے اپنی والدہ کو ساری زندگی فخر کے ساتھ جیتے دیکھا ہے۔

اونتیکا ملک نے اپنے اور سابق شوہر عمران خان کے پرانے رشتے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم 19 سال کی عمر میں ملے تھے اور اتنے برس ایک ساتھ گزارنے کے بعد ہمارے درمیان ایک قسم کی جذباتی انسیت پیدا ہو گئی تھی، میں تو یہاں تک نہیں جانتی تھی کہ خود سے ہوائی جہاز کے ٹکٹ کیسے بُک کروائے جاتے ہیں۔

اونتیکا نے بتایا کہ رشتہ ختم ہونے پر مجھے گہری مایوسی اور شرمندگی محسوس ہوئی تھی کیوں کہ لوگ ہمیں ’گولڈن کپل‘ کہا کرتے تھے اور جب ہم الگ ہوئے تو مجھے لگا جیسے میں نے سب کو مایوس کر دیا ہے۔

عمران و اونتیکا کی محبت کی کہانی طلاق پر ختم

عمران اور اونتیکا اسکول کے دور سے ایک دوسرے کو جانتے اور اچھے دوست تھے، جوڑے نے 19 سال کی عمر میں ڈیٹنگ شروع کی تھی اور 2010ء میں ان کی منگنی ہوئی تھی۔

منگنی کے 1 سال بعد اس جوڑی نے پالی ہلز میں عامر خان کے گھر سول سروس میں شادی کی۔

اس جوڑے کے ہاں بیٹی کی پیدائش 2014ء میں ہوئی تھی تاہم شادی کے 8 سال بعد عمران اور اونتیکا نے راستے جدا کر لیے تھے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید