وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کے سابق افسران کہہ رہے ہیں کہ وہ پاکستان سے لڑنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنگیں ہتھیاروں اور فوج سے نہیں، جذبۂ شہادت اور جذبۂ ایمانی سے لڑی جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے فضائی حدود، واہگہ بارڈر اور تجارت بند کر دی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے، ہم کسی کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے، کسی کے ساتھ حالات خراب نہیں کرنا چاہتے۔
ان کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کے واقعے پر بھارت نے مذمت نہیں کی۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بھارتی میڈیا چیزوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہا ہے، پہلگام واقعے کی ذمے داری ایک دہشت گرد گروپ نے قبول کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کی کوئی تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہیں آئی، کیونکہ تحقیقات ہوئی ہی نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پہلگام واقعے کے 10 منٹ کے اندر اندر واقعے کی ایف آئی آر ہو جاتی ہے جبکہ واقعے کی ایف آئی آر میں بیرونی آقا اور سرحد پار کے لفظ استعمال کیے گئے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے پاس جعفر ایکسپریس واقعے میں ثبوت ہیں، جو ہم ہر جگہ پیش کرنے کو تیار ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ سیاسی مخالفت کوئی بھی ہو، ہم سب پہلے پاکستانی ہیں۔