بلوچستان کے ضلع نوشکی میں آئل بردار ٹرک آتشزدگی کے دوران دھماکے سے پھٹ گیا، ڈرائیور جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوگئے، 37 شدید زخمیوں کو نوشکی ٹیچنگ اسپتال میں طبی امداد دے کر کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق نوشکی ٹرک اڈے میں تیل سے لدے ٹرک میں ویلڈنگ کا کام کیا جا رہا تھا کہ اس دوران ٹرک میں آگ لگ گئی، ڈرائیور ٹرک کو اڈے سے نکال کر فوری طور پر کھلے میدان میں لے گیا، آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے ٹرک ڈرائیور عبدالروف جھلس کر جاں بحق ہوگیا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی گاڑی اور پولیس حکام بھی موقع پر پہنچے، اس دوران ٹرک میں رکھی تیل کی ٹینکی دھماکے سے پھٹ گئی، آگ کی زد میں آکر ڈی ایس پی پولیس محمد شریف، 4 پولیس اہلکاروں سمیت 40 سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، جبکہ فائر بریگیڈ کی گاڑی بھی جل گئی۔
زخمیوں کو طبی امداد کیلئے نوشکی ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ایمرجنسی لگا کر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو طلب کر لیا گیا، 37 شدید زخمیوں کو صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر میں علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کیا گیا، جنہیں سول اسپتال اور بی ایم سی کے برن وارڈ میں داخل کروادیا گیا۔
صوبائی حکومت کے ترجمان کے مطابق واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔