کراچی ( نیوزڈیسک)اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام واقعہ انتہائی پریشان کن اور المناک ہے ۔ میں اس کانشانہ بننے والے افراد اور ان کے اہل خانہ سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ امن ہماری ترجیح ہے لیکن اسے بزدلی نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے پاس کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں،آرایس ایس خطے کےلیے خطرہ ہے۔ زرداری اور شہبازشریف اپنے ذاتی مفادات کےلیے بھارت کو جواب نہیں دینگے۔ تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ جب پلوامہ آپریشن کا فالس فلیگ ( جعلی آپریشن) ہوا تھا تو ہم نے بھارت کو ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت کوئی بھی ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔ جیسا کہ میں نے 2019 میں ہی پیشگوئی کر دی تھی کہ بالکل ویساہی پہلگام واقعہ کے بعد ہورہا ہے۔ بجائے اس کے کہ مودی حکومت تحقیقات کرے اور مشاہدہ باطن سے گزرے وہ پھر سے پاکستان پر الزامات عائد کر رہی ہے۔ ڈیڑھ ارب لوگوں کے وطن کی حیثیت سے بھارت کو ذمہ دارارنہ کردار اا کرنا چاہیے بجائے اس کہ کہ وہ ایک ایسے علاقے میں من مانیاں کرتا پھرے جو پہلے سے ہی نیوکلیئر فلیش پوائنٹ کہلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن ہماری ترجیح ہے لیکن اسے بزدلی نہ سمجھاجائے۔پاکستان کے پاس کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہیں جیسا کہ میری حکومت کے دوران پوری قسم کی پشت پناہی سے 2019 میں کیا گیا تھا۔