مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر بھی نہیں۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، عالمی مارکیٹ کے مطابق صرف اپریل میں فی لیٹر 20 روپے کمی ہونی چاہیے تھی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپریل میں 2 بار تیل کی قیمتوں میں کمی نہ کر کے عوام کو ریلیف سے محروم کیا، حقیقت میں حکومت ریلیف دینے میں سنجیدہ نہیں ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ خام تیل کی قیمتیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے دور سے بھی کم ہو چکی ہیں، ان کے دور میں پیٹرول 150 روپے فی لیٹر تھا۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 2، 2 روپے فی لیٹر کمی کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 252 روپے 63 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 256 روپے 64 پیسے فی لیٹر ہوگی۔