کراچی میں تعینات روس کے قونصل جنرل آندرے وکٹروچ فیڈرو نے بھارت اور پاکستان کی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو بیٹھ کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔
کونسل آن فارن ریلیشن کراچی کی جانب سے عالمی جنگ دوئم کے خاتمے کو اسی سال گزرنے پر کراچی کے نجی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے سفارتکاروں سمیت جامعات کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں روس کے قونصل جنرل آندرے وکٹروچ فیڈرو نے یورپی ممالک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ ان کے علاوہ ہر کوئی جنگل میں رہ رہا ہے۔
آندرے وکٹروچ فیڈرو نے کہا کہ جنگ عظیم دوم کے خاتمے پر سوویت یونین نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، دونوں ممالک کو ساتھ بیٹھ کر تنازعات حل کرنا چاہیے۔