رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ میں واہگہ بارڈر جاؤں گا اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاؤں گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیر افضل مروت نے کہا کہ میرے لندن جانے کے بیان کو بھارتی میڈیا نے ہماری بزدلی سے تعبیر کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج شاہ پور مندر میں جاؤں گا اور ہندو کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کروں گا، میں واہگہ بارڈر جاؤں گا وہاں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاؤں گا۔
رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ہندو کمیونٹی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ہر لیڈر کو کہتا ہوں کہ یہ وقت پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کیا ہی اچھا ہو کہ بانی پی ٹی آئی بھی اس موقع پر قوم کے ساتھ یکجہتی کی کوششوں میں کھڑے ہوں، ہم پشتون ہیں، وطن سے وفا داری اور محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔
شیر افضل مروت نے یہ بھی کہا کہ کل کی بریفنگ میں مجھے بھی دعوت دی گئی تھی، اگر پی ٹی آئی کی لیڈر شپ جاتی تو میں بھی ضرور بریفنگ میں جاتا۔