• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرح سود میں ایک فیصد کمی پر اپٹما کا خیر مقدم

چیئرمین اپٹما کامران ارشد—فائل فوٹو
چیئرمین اپٹما کامران ارشد—فائل فوٹو

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کا خیرمقدم کیا ہے۔

اس حوالے سے چیئرمین اپٹما کامران ارشد کا کہنا ہے کہ اپریل میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 0.3 فیصد پر آنے سے مزید کمی ناگزیر تھی۔

انہوں نے کہا کہ صنعت بدستور شدید لکویڈیٹی بحران کا شکار ہے، سرمائے کی لاگت ناقابل برداشت ہے، حالیہ ٹیکس ترامیم ’ظالمانہ‘ ہیں۔

کامران ارشد کا کہنا تھا کہ ٹیکس ترامیم قانون کی حکمرانی کو کمزور اور ٹیکس دہندگان کے حقوق سلب کرتی ہیں، یہ آرڈیننس خوف کی فضا پیدا کر رہا ہے، آرڈیننس عدالتی ریلیف کو غیرمؤثر بنا کر ایف بی آر کو لامحدود اختیارات دے رہا ہے۔

 چیئرمین اپٹما نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے۔ اپٹما ٹیکس ترامیم کے فوری خاتمے اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا مطالبہ کرتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں ایک فیصد کمی کی تھی، مرکزی بینک نے شرح سود 12 فیصد سے کم کر کے 11 فیصد کر دی۔

قومی خبریں سے مزید