• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیلیٰ زبیری نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ شوہر کو دے دیا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

پاکستان کی نامور اور باوقار اداکارہ لیلیٰ زبیری نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ شوہر کو دے دیا۔

لیلیٰ زبیری کا شمار اُن فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے دہائیوں پر محیط فنی سفر کے دوران اپنی باوقار شخصیت، جاندار اداکاری اور سادہ مگر بااثر انداز سے ناظرین کے دلوں پر راج کیا ہے۔

 حال ہی میں لیلیٰ زبیری اپنے شوہر طارق زبیری کے ہمراہ ایک شو میں شریک ہوئیں، جہاں اُنہوں نے اپنے فنی سفر، ازدواجی زندگی اور شوہر کی حمایت سے جڑے جذباتی پہلوؤں پر کھل کر گفتگو کی۔

لیلیٰ زبیری نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے بتایا کہ میرا شوبز میں آنا ایک آسان فیصلہ نہیں تھا، میرا سسرال بالخصوص میرے ساس و سسر، اس بات کے خلاف تھے کہ میں ٹی وی پر آؤں یا اداکاری کروں، خاندان کے بزرگوں کو یہ بات قابلِ قبول نہیں تھی، اُس وقت شوبز کو عزت کی نگاہ سے نہیں دیکھا جاتا تھا خاص طور پر بہو کے لیے۔

انہوں نے مزید کہا میرے شوہر نے نا صرف میری بات سنی بلکہ ہر قدم پر میرا ساتھ دیا، وہ میرے لیے ایک مضبوط ڈھال بنے، اُنہوں نے خاندان کے سامنے میرا دفاع کیا، میری صلاحیتوں پر یقین کیا اور مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ نا صرف میرے شوہر بلکہ سسرال والے بھی میری محنت اور باعزت اندازِ زندگی سے متاثر ہوئے اور میری نند اور ساس آج فخر سے میرا نام لیتی ہیں۔

شو میں موجود طارق زبیری نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی بیوی پر بھروسہ کیا، وہ باوقار ہیں اور میں جانتا تھا کہ وہ کبھی ایسی راہ نہیں چنیں گی جو ہمارے خاندان یا رشتے کو متاثر کرے، رشتے اعتماد سے چلتے ہیں اور مجھے ان پر مکمل بھروسہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی میں صلاحیت ہو تو اُسے چھپانا زیادتی ہے، اللّٰہ نے اُسے ایک ٹیلنٹ دیا تھا، میں نے سمجھا کہ وہ ضائع نہیں ہونا چاہیے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس گفتگو کو نہایت سراہا، ایک صارف نے لکھا کہ ایسا ہی ہونا چاہیے، شوہر کا اپنی بیوی پر اعتماد اور بیوی کا باعزت کردار، دونوں مل کر رشتے کو کامیاب بناتے ہیں۔

ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ لیلیٰ زبیری نا صرف ایک بہترین اداکارہ بلکہ ایک باوقار خاتون ہیں اور اُن کا یہ انٹرویو نوجوان لڑکیوں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ خواب دیکھنا اور انہیں حاصل کرنا ممکن ہے، اگر ساتھ دینے والا ہو۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید