• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمیرا اصغر نے کس کی مدد سے فلیٹ حاصل کیا تھا، پولیس نے پتا لگا لیا

پولیس کا کہنا ہے کہ حمیرا نے دو اسٹیٹ ایجنٹ کی مدد سے فلیٹ حاصل کیا تھا، دونوں اسٹیٹ ایجنٹ اور مالک مکان کا بیان حاصل کیا گیا ہے، کسی کے بیان میں کوئی اہم بات سامنے نہیں آئی۔

ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات کیلئے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی مدد لے لی گئی، تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ حمیرا اصغر کے موبائل فونز کا ڈیٹا تجزیئے کے لیے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ 

مالک مکان ، اسٹیٹ ایجنٹ ، دوست ، چوکیدار سمیت دس سے زائد افراد کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے، جبکہ ٹریول ہسٹری کیلئے ایف آئی اے کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ تمام لوگوں سے آخری رابطے اور تعلق سے متعلق سوالات کیے گئے ہیں، حمیرا اصغر کی ڈائری سے ملنے والے نمبر پر رابطہ کیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حمیرا اصغر کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ ملے ہیں،  پڑوسیوں کے بیان بھی قلمبند کر لیے گئے، حمیرا کے مالک مکان، اسٹیٹ ایجنٹ اور دوست در شہوار سمیت 10سے زائد افراد کے بیانات حاصل کرلیے۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دوست در شہوار کا بیان فون پر ریکارڈ کیا گیا، در شہوار لاہور میں مقیم ہیں، عمارت کے چوکیدار اور گھروں میں کام کرنے والی خاتون کا بیان بھی قلمبند کیا گیا، دوسری منزل کے دو مکینوں اور چوتھی منزل کے رہائشیوں کا بیان بھی قلمبند کرلیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ حمیرا اصغر کے موبائل فونز اور ان کا ڈیٹا بھی تجزیے کیلئے سی ٹی ڈی کی آئی ٹی ایکسپرٹ ٹیم کے حوالے کیا گیا ہے جو مرحومہ کے موبائل فونز کی بعض ایپلیکینشز پر لگی پرائیویسی کو بریک کرے گی، تاکہ مزید شواہد سامنے آسکیں۔ 

حکام کا بتانا ہے کہ حمیرا اصغر کے پاس تین سمیں موجود تھیں اور تمام سمیں ایکٹو تھیں جن کا کال ڈیٹا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ حمیرا اصغر نے اصل شناختی کارڈ میں ٹیمپرنگ کرکے تاریخ پیدائش تبدیل کی تھی، اصل شناخت کارڈ میں حمیرا کی تاریخ پیدائش 10 اکتوبر 1983درج ہے جبکہ ٹیمپرڈ شناختی کارڈ پر 10 اکتوبر 1997 درج ہے۔

واضح رہے کہ حمیرا اصغر کی لاش 8 جولائی کو اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ سے اس وقت ملی جب کرائے کی عدم ادائیگی پر مالک مکان کے عدالت پہنچنے پر عدالتی بیلف ان کے گھر پہنچا اور فلیٹ کا دروازہ نہ کھولنے پر دروازہ توڑا گیا تو اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید