پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ورسٹائل اداکارہ صنم سعید نے نئے ڈرامہ سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کے ساتھ طویل عرصے کے بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی کا اعلان کر دیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے اپنی نئی تصویر شیئر کی، جس میں انہیں نئے ڈرامہ سیریل ’میں منٹو نہیں‘ کے کردار ’مس ماریہ‘ کے روپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
جہاں اداکارہ طویل عرصے کے بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی کے لیے پُرجوش ہیں وہیں انہوں نے اپنے ماضی کے جاندار کرداروں کی یاد کو ایک بار پھر تازہ کر دیا۔
انہوں نے انسٹاپوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں تسلیم کرتی ہوں کہ کہانیوں کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے ٹی وی بہترین ذریعہ ہے۔ ٹی وی کے ناظرین کی جانب سے جو پیار اور تعریف ملتی ہے اس کا کوئی ثانی نہیں۔ جہاں میں ’میں منو نہیں ہوں‘ کے کردار ’مس ماریہ‘ کے ساتھ اسکرین پر واپسی کے لیے پُرجوش ہوں وہیں امید ہے کہ میرا یہ کردار ماضی کے کرداروں کی طرح شائقین کو بےحد پسند آئے گا۔
خیال رہے کہ صنعم سعید حال ہی میں نشر ہونے والے جیو کے ڈرامہ سیریل دوسرا چہرہ میں جلوہ گر ہوئی تھیں، اب وہ ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
اس سے قبل اداکارہ 2019ء میں ڈرامہ سیریل ’دیدن‘ میں جلوہ گر ہوئی تھی، اس ڈرامے کے بعد انہوں نے ٹی وی اسکرین سے دوری اختیار کرکے فلموں کا رخ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اداکارہ صنم سعید نے کچھ عرصہ قبل اداکار محب مرزا سے دوسری شادی کی ہے اور حال ہی میں اس جوڑی کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔