• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رؤف حسن کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما رؤف حسن کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں جسٹس انعام امین منہاس نے رؤف حسن کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے رؤف حسن کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کی ہدایت دی۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ٹرائل کورٹ رؤف حسن کی درخواست پر قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرے۔

عدالت نے کہا کہ وکیل کے مطابق رؤف حسن کو کینسر کے علاج کے لیے چیک اپ کروانے برطانیہ جانا ہے اور ان پر ایف آئی اے کی جانب سے ایک مقدمہ درج ہے جس میں وہ ضمانت پر ہیں تو محض مقدمہ درج ہونے پر کسی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنا بلا جواز ہے۔

عدالت نے مزید کہا کہ رؤف حسن کے وکیل کے مطابق ان کا ہر 6 ماہ بعد برطانیہ میں چیک اپ ہوتا ہے، پٹیشنر اپنے خلاف درج مقدمے میں ضمانت پر ہے اور ریاست نے ضمانت منسوخی دائرنہیں کی۔

عدالت نے کہا کہ وفاقی حکومت سے رؤف حسن پر سفری پابندیاں عائد کرنے کی منظوری نہیں لی گئی اور رولز کے مطابق ملک میں داخلے اور روانگی کو ریگولیٹ کرنے کی اتھارٹی وفاق کے پاس ہے۔


قومی خبریں سے مزید