وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی و عسکری قیادت سب کی اچھی نیت تھی، ملکی سلامتی کے لیے سب نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
مریم نواز نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ملک ہے تو ہم ہیں، یہ زمینیں ہیں، خوشحالی ہے، نفرت کی سیاست نے ملک کو کچھ نہیں دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمارے بارے میں باتیں ہو رہی تھیں کہ یہ آپس میں لڑ رہے ہیں، ان کی معیشت بھی تباہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا کے اخبار اور جریدے لکھ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ایک معجزہ بن گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف دن رات محنت کر کے بجلی کی قیمتوں میں کمی لا رہے ہیں، ایک بار جب مہنگائی بڑھ جاتی ہے تو کم کرنا آسان کام نہیں لیکن آپ کو اس بار بجلی کے بل بھی کم آئیں گے۔
حالیہ پاک بھارت تصادم کے حوالے سے انہوں کہا کہ اس عظیم فتح کے بعد دنیا یہ کہنے پر مجبور ہوگئی کہ پاکستان مضبوط اور طاقت ور قوم کے طور پر ابھر رہا ہے، مجھے اس قوم پر فخر ہے، سب کو بہت بہت مبارک ہو۔