• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت مغربی سرحد پر پروکسیز کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے، وہاں بھی شکست کے زخم چاٹے گا: خواجہ آصف

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف—فائل فوٹو
وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنے دشمن کو زمین، فضاؤں اور پانیوں میں تاریخی شکست دی ہے۔ بھارت اب مغربی سرحد پر اب بھی اپنی پروکسیز کالعدم بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے ذریعے جنگ لڑ رہا ہے، جلد ہی بھارت مغربی سرحدوں پر اسی طرح اپنے زخم چاٹے گا جیسے مشرقی سرحد پر چاٹ رہا ہے۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جو مشرقی سرحد پر فتح ہوئی اس سے بڑھ کر مغربی محاذ پر کامیاب ہوں گے۔ ملک کے دفاع کےلیے حکومت اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ 10 مئی کی رات ہماری تاریخ میں فیصلہ کن موڑ آیا، تینوں افواج کے سربراہان اور پاک فوج کے جوانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کے کرم سے جو مشرقی سرحد پر فتح ہوئی اس سے بڑھ کر مغربی محاذ پر کامیاب ہوں گے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ قومی وحدت میں جو دراڑیں نظر آتی تھی وہ اتحاد میں بدل چکی ہیں۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ بھارت بڑے بڑے جہاز لے کر آیا جنہیں ہماری افواج نے پتنگوں کی طرح کاٹ کر رکھ دیے، مودی اس وقت اپنے زخم چاٹ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنی تاریخ بھول جاتی ہیں تو تاریخ بھی انہیں بھول جاتی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر لمحے قوم کی قیادت کی اور ہم نے بھارت کو مشرقی سرحدوں پر شکست دی۔

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ میں طالبات کا شکر گزار ہوں کہ اظہار یکجہتی کےلیے وہ میری رہائش گاہ پر پہنچیں، میرے لیے یہ جذباتی لمحات ہیں، بچوں کا اپنے وطن سے محبت کا انداز منفرد ہے۔

اس موقع پر طلبہ و طالبات نے وزیر دفاع کے ہمراہ یوم تشکر کا کیک بھی کاٹا۔

قومی خبریں سے مزید