کراچی ( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر ) پاکستان ہاکی فیڈریشن میں اختلافات سامنے آگئے ہیں، پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی اور پنجاب ہاکی ایسوسی ایشین کے سنیئر نائب صدر انجم سعید آمنے سامنے ہوگئے ہیں، صدر پی ایچ ایف نے ڈیلی الاؤنس میں خرد برد کے الزام میں انجم سعید پر ایک سال کی پابندی لگادی ہے۔ انجم سعید نے الزامات کو غیرآئینی قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں کاشف علی اور عثمان رفیق نے شرکت نہیں کی، مبینہ طور پر انجم سعید نے ان کے ڈیلی الاؤنس خود وصول کرلئے، جس پر ان کے خلاف کاروائی ہوئی۔ دوسری جانب انجم سعید نے کہا کہ میں نے زبان کھولی تو بہت کچھ بے نقاب ہوجائے گا، نہ انکوائری ہوئی نہ مجھے بلایا گیا، پابندی کا اختیار کانگریس کے پاس ہے، صدر طارق بگٹی کو نہیں ، وہ بہت سارے کام ماورائے آئین کررہے ہیں، جلد بدعنوانی میں ملوث ایک اہم عہدے دار کے بارے میں اہم انکشافات کرونگا۔