پنجاب بھر میں گرمی کی لہر برقرار ہے جبکہ لاہور میں ہوائیں چلنے سے گرمی کی شدت میں قدرے کمی آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے وقت درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہوا 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان نہیں۔
ادھر پروینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبے بھر میں آج بھی گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ بہاولپور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ چولستان کے اضلاع میں صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ گرمی کی لہر کے اثرات معمر افراد، بچوں اور بیماروں پر زیادہ ہو سکتے ہیں۔