• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں دہشت گردی کا اصل سر پرست بھارت ہے چاہے وہ دہشت گردی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتی ہو یا بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد ہوں۔ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کا مقصد پاکستان کی ترقی و خوشحالی کو روکنا اور امن و امان کوسبوتاژ کرنا ہے جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں اور اس کی تصدیق امریکی انٹیلی جنس، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھی کر چکی ہیں۔ پاکستان کی سلامتی کو تاراج کرنے کیلئے بھارت ہمہ وقت کوئی نہ کوئی جواز ڈھونڈتا اور گھڑتا رہتا ہے۔ ہماری سکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں مختلف کارروائیوں میں بھارتی پراکسی تنظیموں فتنہ الخوارج اور بلوچ لبریشن فرنٹ کے 12دہشت گرد واصل جہنم کیے ہیں جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے دو جوان لانس نائیک صابر آفریدی اور فرہاد علی طوری شہید ہو گئے۔ مارے گئے دہشت گردوں میں سرغنہ صبراللہ اور امجد عرف بچو شامل ہیں۔ انٹیلیجنس پر مبنی آپریشن لکی مروت، بنوں، ضلع آواران کے علاقے گشکور اور ضلع کیچ میں کیے گئے۔ شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی میں خوارج نے سیکورٹی فورسز پر حملہ کیا جس کا فورسز نے مئوثر جواب دیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں بھارتی انتہا پسندوں کی بلوچستان میں مداخلت بھی بے نقاب ہوئی ہے۔ بھارت کی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے ہندو توا کے ایک رکن کا بلوچستان آرمی کا ایکس اکاؤنٹ چلانے کا انکشاف اور اقرار یہ ثابت کرتا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی بھارت سے اسپانسرڈ ہوتی ہے اور بھارتی دہشت گرد پراکسیوں کیلئے کام کرتے ہیں۔ بھارت پہلگام واقعہ کی آڑ میں دانستہ حالات کشیدہ کر کے پاکستان میں منظم دہشت گردی پھیلا رہا ہے اور ہماری مسلح افواج انشاء اللہ اس لعنت کو ختم کر کے دم لیں گی۔

تازہ ترین