• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خضدار حملہ، پاکستانی شوبز شخصیات کی شدید مذمت

بلوچستان کے علاقے خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے حملے پر پاکستانی شوبز شخصیات نے شدید مذمت اور افسوس کا اظہار کیا۔ 

خضدار میں پیش آنے والے افسوسناک اور دل دہلا دینے والے دہشت گرد حملے میں اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 3 معصوم بچے شہید جبکہ کئی زخمی ہوگئے، یہ حملہ بھارت سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی جانب سے کیا گیا۔

 افسوسناک سانحے پر ملک بھر میں رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور شوبز سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات نے اس واقعے پر شدید غم و غصے اور دکھ کا اظہار کیا۔

اداکارہ درفشاں سلیم نے انسٹاگرام پر لکھا کہ خضدار میں بچوں کی اسکول بس پر حملے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے، کیسے کوئی اتنا بےحس ہو سکتا ہے کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنائے؟ ہر دن کی خبر پہلے سے زیادہ دلخراش ہوتی ہے، یہ معمول نہیں ہے اور نہ ہی ہمیں اسے معمول بننے دینا چاہیے۔

اداکار شہروز سبزواری نے لکھا بزدل دشمن نے معصوم اسکول کے بچوں کو نشانہ بنایا۔

اداکارہ ماورا حسین نے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر نئی خبر پہلی سے زیادہ تکلیف دہ ہوتی ہے، بچوں پر حملہ انسانیت کے خلاف جرم ہے، دنیا کو کیا ہو گیا ہے؟ انسانیت کہاں چلی گئی؟

دیگر فنکاروں سمیع خان، کرن حق، عاصم محمود، فضا خاور اور ایمن خان نے بھی اس وحشیانہ فعل کی شدید مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم اس دلخراش واقعے پر سوگوار ہے اور مطالبہ کر رہی ہے کہ ملوث عناصر کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے بزدلانہ حملوں کا سدباب ہو سکے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید