اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہم ایران میں ہزاروں اہداف کو نشانہ بنائیں گے۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ہم ایسے حالات پیدا کریں گے کہ ایرانی عوام خود کو آزاد کریں، ایرانی شہریوں کی تکالیف اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ جس مدد کا آپ انتظار کر رہے تھے، وہ آ چکی ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر کام مکمل کریں۔
خیال رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے، حملے میں آیت اللّٰہ خامنہ ای کی بیٹی، داماد، نواسا اور بہو بھی شہید ہوئی۔
86 سالہ آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر ایران میں 7 روزہ تعطیل، 40 روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کےمطابق آیت اللّٰہ خامنہ ای، ہفتے کی صبح اپنے دفتر میں فرائض انجام دینے کے دوران شہید کیے گئے۔
خامنہ ای 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد ایران کے رہبرِ اعلیٰ بننے والے دوسرے شخص تھے، وہ 1989 سے اس عہدے پر فائز تھے۔