پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کی قرارداد سینیٹ سے متفقہ طور پر منظور ہو گئی۔
سینیٹ میں قرارداد نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی۔
سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 25 مئی پاکستان افریقہ دوستی کے دن کے طور پر منایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افریقی ممالک کی آزادی کی تحریک کی حمایت کرتا ہے، پاکستان اور افریقہ کے درمیان پارلیمانی سفارتکاری کو فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں پاک افریقہ دوستی کے اس اہم اجلاس کا حصہ ہوں، آج پاک افریقہ تاریخی و باہمی تعلقات اور دوستی کا دن ہے، پارلیمانی فرینڈشپ گروپ نے بھی پاک افریقہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے افریقہ کو ٹیکسٹائل اور سرجیکل آئٹمز کی ایکسپورٹ کی آفر کی ہے، پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت آئی ٹی اور زراعت سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان اور افریقہ کے درمیان کیپیسٹی بلڈنگ کی ضرورت ہے۔
سینیٹ گیلری میں موجود افریقی ممالک کے نمائندگان نے اس قرارداد کا خیر مقدم کیا۔