کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق خواجہ شمس الاسلام کو زخمی ہونے پر تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تھا۔
سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام ڈی ایچ اے فیز 6 میں ایک جنازے میں شرکت کے لیے بیٹے کے ہمراہ آئے تھے، قمیض شلوار پہنے مسلح ملزم نے ان پر فائرنگ کی اور موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص نے چہرے پر ماسک لگا رکھا تھا۔
خواجہ شمس الاسلام 30 سال سے زائد سے شعبہ وکالت سے منسلک تھے۔
ان پر نومبر 2024 میں بھی ڈیفنس میں حملہ ہوا تھا جس میں ان کے ہاتھ پر گولی لگی تھی۔
خواجہ شمس الاسلام کافی متحرک وکیل سمجھے جاتے تھے، وہ سول کیسز میں مہارت رکھتے تھے۔
خواجہ شمس الاسلام بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ فاطمہ جناح کی رہائش گاہ فاطمہ جناح قصر ناز (مہٹا پیلس) پر گرلز ہاسٹل اور ڈینٹل کالج بنانے سے متعلق مشہور کیس کی بھی پیروی کر رہے تھے۔