• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی محتسب کا سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل

سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی محتسب کا سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ معطل کردیا۔

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے کہا گیا کہ صوبائی محتسب کا قانون کہاں ہے؟ مونس علوی جرمانے کی رقم 25 لاکھ روپے ناظر سندھ ہائیکورٹ کو جمع کروائیں۔

جسٹس فیصل کمال عالم نے استفسار کیا کہ فیصلے میں کیا غلط ہے؟

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ صوبائی محتسب نے عہدے سے ہٹانے اور 25 لاکھ جرمانہ عائد کیا ہے، وفاقی محتسب کو کیس کی سماعت کا اختیار ہے، صوبائی محتسب کو نہیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ یہ وفاقی محتسب کا کیس بنتا تھا، آپ کیسے کہہ سکتے ہیں؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ صوبائی محتسب کے دائرہ اختیار میں یہ کیس نہیں آتا، صوبائی محتسب کی جانب سے دی گئی سزا غیر قانونی ہے۔

عدالت نے صوبائی محتسب اور شکایت کنندہ کو نوٹس بھی کردیے۔

اس سے قبل سی ای او کےالیکٹرک مونس علوی نے صوبائی محتسب کے فیصلے کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

مونس علوی اپنے وکیل بیرسٹر عابد زبیری کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبائی محتسب نے مونس علوی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا اور ان پر 25 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔

محتسب کا کہنا تھا کہ مونس علوی پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہوتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید